شریک ہوں اور تازہ ترین معلومات حاصل کریں

درشن سنگھ

  • غزل


نگاہ مست ساقی کا سلام آیا تو کیا ہوگا


نگاہ مست ساقی کا سلام آیا تو کیا ہوگا
اگر پھر ترک توبہ کا پیام آیا تو کیا ہوگا

حرم والے تو پوچھیں گے بتا تو کس کا بندہ ہے
خدا سے پہلے لب پر ان کا نام آیا تو کیا ہوگا

مجھے منظور ان سے میں نہ بولوں گا مگر ناصح
اگر ان کی نگاہوں کا سلام آیا تو کیا ہوگا

چلا ہے آدمی تسخیر مہر و ماہ کی خاطر
مگر صیاد ہی خود زیر دام آیا تو کیا ہوگا

مجھے ترک طلب منظور لیکن یہ تو بتلا دو
کوئی خود ہی لیے ہاتھوں میں جام آیا تو کیا ہوگا

محبت کے لئے ترک تعلق ہی ضروری ہو
محبت میں اگر ایسا مقام آیا تو کیا ہوگا

جہاں کچھ خاص لوگوں پر نگاہ لطف ہے درشنؔ
اگر اس بزم میں دور عوام آیا تو کیا ہوگا


Leave a comment

+