شریک ہوں اور تازہ ترین معلومات حاصل کریں

جعفر رضا

  • غزل


کبھی تو دوستو اپنے وطن کی بات کریں


کبھی تو دوستو اپنے وطن کی بات کریں
کبھی تو چاک دل و پیرہن کی بات کریں

خرد کی بزم میں دیوانہ پن کی بات کریں
حکایتوں میں کسی سیم تن کی بات کریں

گلوں کے سامنے کیا فکر و فن کی بات کریں
یہ سادہ لوگ ہیں ان سے چمن کی بات کریں

خیال یار سلامت ہزار بزم طرب
غزل کے نام پہ گل پیرہن کی بات کریں

مشام جاں میں وہ گیسو مہکتے جاتے ہیں
کسی ختن کی نہ مشک ختن کی بات کریں

نگاہ فتنہ ہے ایک اک ادا قیامت ہے
وہ لاکھ بن کے بڑے بھولپن کی بات کریں

بھلی سی بات عزیزوں پہ بار ہوتی ہے
دیار غیر میں کیسے وطن کی بات کریں

شناسا چہرے یہاں اجنبی سے لگتے ہیں
ہوں اہل ذوق تو اہل سخن کی بات کریں

جہاں پہ قتل ہو اردو زباں نفاست سے
چلو کچھ آج اسی انجمن کی بات کریں


Leave a comment

+