شریک ہوں اور تازہ ترین معلومات حاصل کریں

ساجدہ زیدی

  • غزل


ہم نے اک عمر میں کیا کیا نہ جہاں دیکھے ہیں


ہم نے اک عمر میں کیا کیا نہ جہاں دیکھے ہیں
آسماں دیکھے ہیں اور قعر نہاں دیکھے ہیں

جن کی باتوں میں تجلی تھی خموشی میں طلسم
وہی ارباب ہنر سوختہ جاں دیکھے ہیں

نغمہ‌ و شعر و زباں اہل سیاست کے قتیل
پوری تہذیب کے مٹنے کے نشاں دیکھے ہیں

اقتدار‌‌ و ہوس و شور و منافق نظری
جن کا شیوہ رہا وہ پیر مغاں دیکھے ہیں

جنس ارزاں کی طرح بکتے ہوئے اہل قلم
اشتہاروں میں سجے گل بدناں دیکھے ہیں

جن سے تاریخ کے صفحات بھی جاگ اٹھتے تھے
وہ زمانے وہ فسانے گزراں دیکھے ہیں

وہ حکایات رقم کیں کہ قلم خوں رویا
ہر رگ تاک پہ زخموں کے وہاں دیکھے ہیں

ایک اک حرف سے روشن ہوئے جاتے تھے افق
آئنے سحر دبستاں میں نہاں دیکھے ہیں

جن کی جادو اثری طعنۂ احباب بنی
وہ طلسمات لکھے حرف و بیاں دیکھے ہیں

جن کی تعبیر میں اک عمر گنوا دی ہم نے
راز وہ سینۂ گیتی میں نہاں دیکھے ہیں

جلتے بام و در و دیوار سلگتے ہوئے شہر
جن سے پتھرا گئیں آنکھیں وہ سماں دیکھے ہیں

آسماں گیر تھے شعلے خس و خاشاک تھے جسم
قید بے جرم میں سب پیر و جواں دیکھے ہیں

دل نے ہر ذرہ کے ہم راہ دھڑکنا سیکھا
تب نواؤں میں یہ معنی کے جہاں دیکھے ہیں

RECITATIONS عذرا نقوی



00:00/00:00 Humne ek umr mein kya kya na jahan dekhe hein عذرا نقوی

Leave a comment

+