شریک ہوں اور تازہ ترین معلومات حاصل کریں

دلشاد نسیم

  • غزل


ہم آیت قرآنی اس وقت ہی پڑھتے ہیں


ہم آیت قرآنی اس وقت ہی پڑھتے ہیں
ہو جان ہتھیلی پر طوفاں سے گزرتے ہیں

کب تاب نظارہ ہے بس دید کی حسرت ہے
مل جاؤ کسی دن تم دن رات تڑپتے ہیں

رہتا ہے محبت کو ہر وقت ہی دھڑکا سا
موسم کی طرح کہتے ہیں دوست بدلتے ہیں

یہ رات کی رانی تو اب میری سہیلی ہے
ہم ہنستے ہیں دونوں ہی دونوں ہی مہکتے ہیں

دیتے ہیں مجھے ہر دن تاریخ وہ آنے کی
وعدوں سے مکرتے ہیں کب عشق وہ کرتے ہیں

سوچا ہے تمہیں اتنا پر یاد نہیں کتنا
شب یوں ہی گزرتی ہے ہم آہیں ہی بھرتے ہیں

ان ریشمی یادوں نے الجھا کے رکھا مجھ کو
دن میرے تو اکثر اب راتوں سے الجھتے ہیں

جن پیار کے لمحوں سے دل شاد سا رہتا تھا
دلشادؔ وہی لمحے رنجور سا کرتے ہیں


Leave a comment

+