شریک ہوں اور تازہ ترین معلومات حاصل کریں

فاضل انصاری

  • غزل


زمزمۂ آہ و فغاں دور تک


زمزمۂ آہ و فغاں دور تک
گونجتی ہے وادئ جاں دور تک

ہائے رے ویرانیٔ راہ حیات
کوئی صدا ہے نہ نشاں دور تک

مل نہ سکا امن و سکوں کا پتہ
ڈھونڈ چکی عمر رواں دور تک

شمع طرب جلوہ فگن آس پاس
مشعل غم نور فشاں دور تک

سمٹے ہوئے امن کے پیغامبر
پھیلے ہوئے قاتل جاں دور تک

شہر میں دیہات میں ہر راہ میں
خون کی اک جوئے رواں دور تک

پوچھ نہ فاضلؔ مری دنیا کا رنگ
آگ ہر اک سمت دھواں دور تک


Leave a comment

+