شریک ہوں اور تازہ ترین معلومات حاصل کریں

ساغر صدیقی

  • غزل


اے حسن لالہ فام! ذرا آنکھ تو ملا


اے حسن لالہ فام! ذرا آنکھ تو ملا
خالی پڑے ہیں جام! ذرا آنکھ تو ملا

کہتے ہیں آنکھ آنکھ سے ملنا ہے بندگی
دنیا کے چھوڑ کام! ذرا آنکھ تو ملا

کیا وہ نہ آج آئیں گے تاروں کے ساتھ ساتھ
تنہائیوں کی شام! ذرا آنکھ تو ملا

یہ جام یہ سبو یہ تصور کی چاندنی
ساقی کہاں مدام! ذرا آنکھ تو ملا

ساقی مجھے بھی چاہئے اک جام آرزو
کتنے لگیں گے دام! ذرا آنکھ تو ملا

پامال ہو نہ جائے ستاروں کی آبرو
اے میرے خوش خرام! ذرا آنکھ تو ملا

ہیں راہ کہکشاں میں ازل سے کھڑے ہوئے
ساغرؔ ترے غلام! ذرا آنکھ تو ملا


Leave a comment

+