شریک ہوں اور تازہ ترین معلومات حاصل کریں

غفران امجد

  • غزل


کوئی دو چار نہیں محو تماشا سب ہیں


کوئی دو چار نہیں محو تماشا سب ہیں
میرے احساس کی آواز پہ زندہ سب ہیں

کوئی جگنو کوئی تارہ کوئی سورج کوئی چاند
اور عجب بات کہ محروم اجالا سب ہیں

اس جگہ بھی نہ ہوئی درد کی لذت محسوس
میں سمجھتا تھا جہاں میرے شناسا سب ہیں

یوسف وقت پریشان نہ ہوتے کیوں کر
کوئی انگلی نہ کٹی اور زلیخا سب ہیں

عرصۂ حشر کی تصویر عجب ہے امجدؔ
بے کراں بھیڑ ہے اور بھیڑ میں تنہا سب ہیں


Leave a comment

+