مے کا یہ احترام ارے توبہ
اور پھر وہ حرام ارے توبہ
دل کو سرمست کر ہی دیتی ہے
یاد ساقی و جام ارے توبہ
اللہ اللہ کر ارے زاہد
جام مے صبح و شام ارے توبہ
بت پرستی میں جس کی عمر کٹی
ایسے کافر کا نام ارے توبہ
ایک بے جاں کے قتل کرنے کو
اس قدر اہتمام ارے توبہ
غم زدوں کی یہ خامشی ہے غضب
صبر کا انتقام ارے توبہ
آج بھولے سے لے لیا کس نے
شوقؔ رسوا کا نام ارے توبہ
Leave a comment