شریک ہوں اور تازہ ترین معلومات حاصل کریں

حاتم علی مہر

  • غزل


کوئی لے کر خبر نہیں آتا


کوئی لے کر خبر نہیں آتا
جو گیا نامہ بر نہیں آتا

چاند کس جا نظر نہیں آتا
یار کیوں میرے گھر نہیں آتا

دم محبت کا بھر نہیں آتا
راز افشا تو کر نہیں آتا

عشق کیا جانے زاہد بے مغز
ڈھنگ یہ عمر بھر نہیں آتا

پنڈتو پترے میں دیکھو تو
کیوں مرا نامہ بر نہیں آتا

لالہ ہر سال رنگ لاتا ہے
رنگ داغ جگر نہیں آتا

وہ تو کہتے ہیں صبر کر چندے
اور یہاں صبر کر نہیں آتا

کبھی پوچھو لپٹ کے سینہ سے
اب تو منہ کو جگر نہیں آتا

شیشۂ دل میں او پری پیکر
ہے پری تو اتر نہیں آتا

ہم بھی باتیں بنایا کرتے ہیں
شعر کہنا مگر نہیں آتا

غنچہ گل ہو کے ان سے کہتا ہے
کس کا منہ کو جگر نہیں آتا

رنگ لایا نہیں ابھی رونا
ابھی لخت جگر نہیں آتا

ناصحا کیوں نہ ہو خیال ان کا
خواب تو رات بھر نہیں آتا

عمر بھر اک تمہیں کو پیار کیا
دل کہیں اس قدر نہیں آتا

میرے مرنے کی کیا نہیں ہے خبر
کیوں تو اے بے خبر نہیں آتا

کیوں بگڑیے بنے بنے نہ بنے
خیر بندہ کو شر نہیں آتا

ذبح مجھ کو انیلے پن نے کیا
قتل قاتل کو کر نہیں آتا

کوچۂ یار ہے کہ جنت ہے
جو گیا پھر کے گھر نہیں آتا

یار کوٹھے پہ اپنے چڑھتا ہے
مہ فلک سے اتر نہیں آتا

جی نہ چاہے جسے میں کیا چاہوں
مجھ کو بے موت مر نہیں آتا

دیکھ کر ان کو جس کو دیکھے مہرؔ
کوئی اتنا نظر نہیں آتا


Leave a comment

+