شریک ہوں اور تازہ ترین معلومات حاصل کریں

جعفر طاہر

  • غزل


پلا اے گروہ سخنوراں کوئی شعر تر گل تازہ رس


پلا اے گروہ سخنوراں کوئی شعر تر گل تازہ رس
یہ بہار میں بھی خموشیاں نہ سر جنوں نہ پئے ہوس

یہ ہے مے کدہ جو بڑھا کے ہاتھ اٹھا لے جام اسی کا ہے
نہ یہاں پہ کاوش بیش و کم نہ یہاں پہ تہمت پیش و پس

شرر طبیعت عاشقاں سبب تجلیٔ گلستاں
یہ حنائے شوق شفق شفق یہ مئے نشاط نفس نفس

ہے سیاہ پوش نظر نظر ہے نفس نفس نئے نالہ گر
وہی تیرہ بختیٔ اہل دل وہی ظلمت شب تار و بس

تہ تار کسوت عنکبوت یہ طائران طرب نوا
سر تخت فرق ہما ہما بصد عافیت ہے مگس مگس

یہ کماں کشان زہ غرور پھریں ہیں کس کی تلاش میں
وہ جو باغ جاں کی بہار تھے وہ بسا چکے ہیں قفس قفس

یہ فضائے دشت شعور باغ‌ نشاط و خلد سرور ہے
نہ سخن کی ہرزہ خروشیاں نہ لب صدا نہ دم جرس

ابھی پھول پھول ہے جاں بہ لب یہ تپ بلا تپش غضب
ابھی کھل کے ابر کرم برس ابھی اور کھل کے برس برس

کبھی اس طرف بھی گزر کرو کبھی اس طرف بھی نظر کرو
میں فقیر گلکدۂ وفا مرے برگ ساز یہ خار و خس


Leave a comment

+