شریک ہوں اور تازہ ترین معلومات حاصل کریں

ماہر بلگرامی

  • غزل


تیرے دیوانے نے دیوار میں در کھولا ہے


تیرے دیوانے نے دیوار میں در کھولا ہے
سر افلاک نیا باب قمر کھولا ہے

ڈھل گیا دن بھی وہیں رات نے ڈیرا ڈالا
تھک کے رہرو نے جہاں رخت سفر کھولا ہے

میرے چپ رہنے پہ بھی بات وہاں تک پہنچی
راز دل تو نے مگر دیدۂ تر کھولا ہے

ہم کبھی تہہ سے سمندر کے ہیں موتی لائے
کبھی پرچم سر مہ سینہ سپر کھولا ہے

در شبنم مہ و انجم ہیں کبھی جلوہ فروش
کس نے گنجینہ یہ ہر شام و سحر کھولا ہے

کوہ کن بن کے کبھی ہم نے برنگ مجنوں
عشق کا باب بہ انداز دگر کھولا ہے

حسد و حرص و ہوس ایسے کئی چور ملے
میں نے چپ چاپ کبھی اپنا جو گھر کھولا ہے

سیکڑوں خواہشوں کی ناگنیں ڈسنے کو بڑھیں
ہم نے جب بھی در گنجینۂ زر کھولا ہے

جس کو دیکھو وہی وارفتۂ منزل ہے یہاں
واہ کیا مکتبۂ فکر و نظر کھولا ہے

کس کو فرصت جو سنے تیری کہانی ماہرؔ
دفتر اک شکوؤں کا یہ تو نے مگر کھولا ہے


Leave a comment

+