شریک ہوں اور تازہ ترین معلومات حاصل کریں

پنڈت جواہر ناتھ ساقی

  • غزل


کہاں ہے وہ گل خنداں ہمیں نہیں معلوم


کہاں ہے وہ گل خنداں ہمیں نہیں معلوم
نہ پوچھ بلبل نالاں ہمیں نہیں معلوم

فراق ہی میں بسر ہو گئی ہماری عمر
ہے کون وصل سے شاداں ہمیں نہیں معلوم

ہمیں تو ایک صدائے جرس ہی آتی ہے
ہوا ہے کون ہدیٰ خواں ہمیں نہیں معلوم

تلاش خضر طریقت ہے اس لئے سالک
کہاں ہے چشمۂ حیواں ہمیں نہیں معلوم

تلاش یار میں ساقیؔ ہوئے ہیں سر گرداں
کہاں ہے منزل جاناں ہمیں نہیں معلوم


Leave a comment

+